کراچی(این این آئی)پاکستان میں غیر قانونی طور پر داخلے اور سمندری حدود سے بغیر اجازت مچھلیاں پکڑنے کے الزام میں گرفتار 20 بھارتی ماہی گیروں کو ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی سے رہا کر دیا گیا ہے، ان ماہی گیروں کو کل پیر کو لاہور کے واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔
ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی کے سپریٹنڈنٹ اورنگزیب خان کے مطابق لانڈھی جیل میں اس وقت 237 بھارتی ماہی گیر قید تھے۔حکومت پاکستان کے جذبہ خیر سگالی کے تحت جن 20 ماہی گیروں کو رِہا کیا گیا ہے، یہ بھارتی ماہی گیر ایک سال سے زائد عرصے سے جیل میں قید تھے۔ان کی رہائی کے بعد مزید 217 بھارتی ماہی گیروں کے علاوہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر قیام کے الزام میں گرفتار برمی، افغانی اور بنگلہ دیشی شہریوں کی بڑی تعداد بھی قید ہے۔اورنگزیب خان کے مطابق کراچی کی ملیر ڈسٹرکٹ جیل لانڈھی میں قید 20 بھارتی ماہی گیروں کو سہہ پہر رہائی کے بعد جیل پولیس کی نگرانی میں ایدھی فائونڈیشن کے تعاون سے کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچا دیا گیا ہے۔جہاں سے انہیں پاکستان بزنس ایکسپریس ٹرین کے ذریعے لاہور روانہ کیا گیا۔ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے ان ماہی گیروں کو کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر رخصت کیا جبکہ لاہور ریلوے اسٹیشن سے انہیں جیل سیکورٹی کے عملے کی نگرانی میں ایدھی فائونڈیشن کی مدد سے واہگہ باڈر کے ذریعے پیر 6 جنوری کی دوپہر ایک تقریب میں انہیں بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ ماضی کی طرح اس بار بھی بھارتی ماہی گیروں کو واہگہ بارڈر تک پہنچانے کے اخراجات ان کی فائونڈیشن برداشت کر رہی ہے۔