راولپنڈی(این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کہتے تھے استعفیٰ لینے آیا ہوں وہ بتائیں استعفیٰ کہاں ہے؟ الیکشن کمیشن کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا، حکومت بھی اپنے 5 سال پورے کرے گی،پاکستان کا میڈیا آج پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، آرمی چیف کا مقدمہ ہو یا وزیر اعظم کا، میڈیا ان مقدمات پر آزادانہ تبصرے کرتا ہے،
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر آج بڑھ رہی ہے اور اب مہنگائی اور بے روزگاری پر بھی جلد قابو پالیں گے،راولپنڈی میں ہماری بیٹیوں کی 4 یونیورسٹیاں ہوں گی، ماں بچہ اسپتال بھی بنا رہے ہیں جس میں 14 آپریشن تھیٹر ہوں گے، تاجر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں اس طرح آپس میں نہ لڑیں جس طرح اسمبلی میں ہورہا ہے آپ لوگ مخالفین کو بھی ساتھ لے کر چلیں۔ہفتہ کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے انجمن تاجران پرنٹنگ پریس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر آپس میں اس طرح مت لڑیں جس طرح اسمبلی میں لڑائی ہوتی ہے،آپ لوگ مخالفین کو بھی ساتھ لے کر چلیں۔انہوں نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر آج بڑھ رہی ہے اور اب مہنگائی اور بے روزگاری پر بھی جلد قابو پالیں گے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ راولپنڈی میں ہماری بیٹیوں کی 4 یونیورسٹیاں ہوں گی جبکہ ماں بچہ اسپتال بھی بنا رہے ہیں جس میں 14 آپریشن تھیٹر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا مسئلہ جلد حل ہو جائے گا اور حکومت بھی اپنے 5 سال پورے کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ آرمی چیف کی ایک ڈیڑھ ماہ میں تین سال تک توسیع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے بھائیوں کو ہم نہیں بھولے ہیں۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا آج پہلے سے زیادہ مضبوط ہے، آرمی چیف کا مقدمہ ہو یا وزیر اعظم کا، میڈیا ان مقدمات پر آزادانہ تبصرے کرتا ہے۔