اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت سادہ اکثریت سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کرسکتی ہے،آئین میں ترمیم کی ضرورت نہیں ہے۔آصف زرداری نوازشریف سے10گنا زیادہ بیمار ہیں سزا یافتہ مجرم کو چھوڑا جاسکتا ہے تو
آصف زرداری کو بھی چھوڑا جائے۔منگل کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لئے اسمبلی میں سادہ اکثریت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سادہ اکریت سے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب خود مختار ادارہ ہے حکومت نیب کے معالات میں مداخلت نہیں کرتی۔فیصل واوڈا نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت سے کچھ لین دین کرنا چاہتی ہیں حکومت لین میں ان سے لوٹا ہوا مال واپس لے گی جبکہ واپسی میں جیل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) سیف الرحمان کے کردار کو بھول گئی ہے،ان کے لیڈر معاہدہ کرکے سعودی عرب گئے9سال تک عوام سے جھوٹ بولا جاتا رہا۔اس بار بھی ن کے لیڈر ملک سے باہر گئے تو ائیرایمبولینس میں نہیں بلکہ قطری شہزادے کے طیارے میں گئے اور طیارے میں نرسوں کی بجائے ائیرہوسٹس تھیں۔فیصل واوڈا نے کہا کہ آصف زرداری نوازشریف سے 10گنا زیادہ بیمار ہیں اگر سزا یافتہ مجرم نوازشریف کو چھوڑا جاسکتا ہے تو آصف زرداری کو کیوں نہیں چھوڑا جاسکتا،ان کے کیس کا تو ابھی ٹرائل چل رہا ہے