کراچی (یواین پی)پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وقت کی بچت اور بورڈنگ پاسز جاری کرنے کے لیے قطار لگانے سے بچنے کے لیے حال ہی میں سیلف چیکڈ اِن نظام متعارف کرایا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے یہ خودکار مشینیں کراچی
کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے انٹرنیشنل اینڈ ڈومیسٹک لانجز جب کہ فیصل آباد ائیرپورٹ پر بھی لگائی گئی ہیں۔ یہ خودکار نظام صارفین کو دیر تک انتظار کیے بغیر بورڈنگ پاس قبول کرنے میں مدد فراہم کرے گا جس کی وجہ سے صارفین کی پریشانی کم اور ان کے وقت کی بچت ہو گی۔امید کی جا رہی ہے کہ نیا نظام کسٹمر سروسز اور دیگر کاموں میں بہتری لائے گا۔اس سیلف چیکڈ اِن مشینوں کے ذریعے مسافر اپنے پاسپورٹ نمبر یا شناختی کارڈ کا استعمال کر کے ناصرف اپنی شناخت کرا سکتے ہیں بلکہ اپنی فلائٹ کی تصدیق سے متعلق تمام تر معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔یہ مشین مسافرین کو اپنے بورڈنگ پاس کو پرنٹ کرنے کی سہولت بھی فراہم کرے گی جب کہ اس خود کار نظام کی مدد سے صارفین اپنی نشست اور اپنے سامان کے بارے میں بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔یہ سہولت بنیادی طور پر ان مسافروں کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جو ہاتھوں میں ہینڈ کیری یعنی کم سامان اٹھائے ہوئے ہوتے ہیں۔اس منصوبے کے تحت مستقبل قریب میں پاکستان بھر کے پانچ بڑے ائیرپورٹ (ملتان، پشاور، کوئٹہ اور اسلام آباد) پر 15 خودکار مشینیں لگائی جائیں گی۔اسی ضمن میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ائیر لائنز کو اپنے سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے آگاہ کیا ہے تاکہ اس سے جدید ترین چیکڈ اِن سسٹم کی سہولت میسر ہو سکے۔یہ اقدام پاکستانی ہوائی اڈوں کو جدید ممالک کے ہوائی اڈوں کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے لیے خوش آئند سمجھا جا رہا ہے۔