اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن سے نجی ٹی وی پروگرام میں سوال کیا گیا کہ حکومت ایک بہت ہی محتاط اور نازک پوزیشن میں آ گئی ہے۔ جو وزیراعظم کا موڈ ہے وہ اور لگ رہا ہے۔
کیا آنے والے دنوں میں آپ کو ایسا لگتا ہے کہ چیزیں ٹھنڈی ہو جائیں گی۔ جس پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا کہ آنے والے دنوں میں آپ دیکھیں گے کہ وزیراعظم عمران خان کا موڈ تبدیل ہو جائے گا۔اپوزیشن کو بھی ہم خود دیکھ لیں گے ،وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کو کچھ نہیں کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں گالم گلوچ کا کلچر تبدیل ہونا چاہئے۔ مثال کے طور پر اگر میں نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرنی ہے تو یہ ضروری تو نہیں ہے کہ میں میاں صاحب کو گالی دے کر ہی مسلم لیگ ن پر تنقید کروں۔اگر کسی اور نے حکومت پر یا اداروں کی نالائقی پر ، یا پھر ان کی بری کارکردگی پر تنقید کرتی ہے ، جو کہ اپوزیشن کا حق بھی ہے لیکن یہ ضروری تو نہیں ہے کہ تنقید ہمیشہ گالی دے کر ہی کی جائے۔اپوزیشن اور میڈیا کو تنقید کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا کیونکہ سوال اٹھانا میڈیا اور اپوزیشن کا حق ہے لہٰذا اب گالم گلوچ کا کلچر تبدیل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی وزیراعظم عمران خان کا ترجمان ہوں، میرا کوئی ایک ویڈیو کلپ نکال کر دکھا دیں کہ میں نے کبھی اپوزیشن کو گالی دی ہو۔