اسلام آباد(آن لائن)1500 قیدیوں کی گنجائش والی اڈیالہ جیل میں 4800 قیدی ہونے کا انکشاف۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں قیدی خادم حسین کی طبی سہولیات کے لئے دائر درخواست پر سماعت کے دوران انکشاف ہوا۔ سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو بتایا کہ جیل 1500قیدیوں کیلئے بنائی گئی ہے اس وقت 4800 قیدی موجود ہیں عدالت نے وزارت صحت اور انسانی حقوق سے نمائندہ پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ
میں خود اڈیالہ جیل کا مہمان بنا تھا اور مجھے حالات کا بخوبی ادراک ہے انہوں نے ریمارکس دیئے کہ قیدی صرف جیل کی ہی نہیں ریاست کی بھی ذمہ داری ہوتی ہے عدالت نے وزارت صحت اور وزارت انسانی حقوق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج دن دس بجے جواب طلب کرلیا چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ آج چھٹی ہوگی مگر ہم یہ کیس نہیں سنیں گے کیونکہ یہ انسانی حقوق کا معاملہ ہے سماعت آج صبح دس بجے تک ملتوی کردی گئی۔