اسلام آباد (این این آئی) پیپلز پارٹی نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے آئین میں ترمیم کو لازم قرار دے دیا۔ ایک بیان میں شیری رحمن نے کہاکہ عدالت نے حکومت کو پارلیمان میں جانے کی ہدایت کی ہے، وزیراعظم کا ٹوئیٹ غیرمناسب ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کے رویے سے لگتا ہے ان کی سیاست ایک بار پھر مفلوج ہو جائی گی، پارلیمان کے بغیر جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی بات نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس منسوخ
کر دیا ہے،سینیٹ کو تو تالا لگا ہوا ہے۔شیری رحمان نے کہاکہ حکومت کوئی قانون سازی نہیں کر رہی، ہر تعمیری کام میں اپوزیشن حکومت سے آگے ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سمجھتے ہیں جو ان کو لایا ہے وہی حکومت چلائیگا،ان کو خود حکومت چلانی ہے اور پارلیمان کے ذریعے چلانی ہے، حکومت سمجھتی ہے یہ آرڈیننس کے ذریعے ملک چلائیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو نہ ندامت ہے نہ کوئی فکر،بگڑے ہوئے سیاسی امور ہیں حکومت کو ٹھیک تو کرنا ہونگے۔