لاہور(این این آئی) چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ میں گرفتار سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس نے ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ شریف فیملی ایک کاروباری خاندان ہے اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتا ہے،درخواست گزار کو نیب چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ انکوائری میں گرفتار کیا۔چوہدری شوگر مل سمیت شریف فیملی کے دیگر بزنسز پر 10 والیم پر مشتمل رپورٹ
سپریم کورٹ پیش کی۔نیب نے 19 جولائی 2019 کو کال اپ نوٹس بھیجا جس کا مکمل جواب دیا،8 اگست کو میاں نواز شریف کو کوٹ لکھپت جیل ملنے گیا تو نیب نے گرفتار کر لیا۔نیب کی حراست میں 48 دن جسمانی ریمانڈ پر رہا لیکن کوئی شواہد عدالت پیش نہیں کیے گئے۔ نیب نے 410 ملین کی رقم کا الزام لگایا جبکہ اس کا تمام ریکارڈ موجود ہے،تمام رقم بینکنگ چینل سے پاکستان آئی اور اس ہر ٹیکس بھی دیا۔لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ نیب نے بے بنیاد الزامات لگائے،عدالت درخواست ضمانت منظور کرے۔