لاہور(آن لائن) قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین عمران نذیر اپنی بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد سے لاہور قلندرز کے ساتھ منسلک ہیں۔ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ عمران نذیر پی ایس ایل فائیو میں لاہور قلندرز کی جانب سے کھیلیں گے۔لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا سے 38سالہ عمران نذیر کے حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اوپننگ بیٹسمین قلندرز کی طرف سے کھیلیں گے یا نہیں اس کا ڈرافٹ کے بعد پتا چلے گا۔عمران نذیر کو پی ایس ایل فائیو کی
گولڈ کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔ثمین رانا کا کہنا ہے کہ گولڈ کیٹگری میں ہمارے پاس فاسٹ باؤلر حارث رؤف اور سہیل اختر موجود ہیں جو کہ برقرار رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران نذیر ٹی ٹین لیگ کھیل رہے ہوتے تو ان کے لئے یہ فائدہ مند ثابت ہوتا کیونکہ اگر وہ پرفارم کرتے تو کوئی بھی ٹیم انہیں آسانی سے منتخب کر لیتی۔ ثمین رانا نے مزید کہا کہ میری خواہش ہے عمران نذیر لاہور کی نمائندگی کریں مگر کھلاڑی منتخب کرنا میرا اکیلے کا فیصلہ نہیں ہے۔ #/s#