اسلام آباد (این این آئی)ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق محمود کھوکھر نے اپنے استعفیٰ سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا اپنا عہدہ چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل طارق محمود کھوکھر کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی،
جس میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں خصوصی عدالت کے فیصلے کو روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔اس حوالے سے جب ان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ وہ عدالت میں حکومت کی نمائندگی کیلئے پیش ہوئے تھے (لیکن) دیگر مصروفیات کی سے سنگین غداری کیس میں وزارت داخلہ کی درخواست پر دلائل نہیں دے سکا جس کے باعث پراسیکیوٹر ساجد الیاس بھٹی طارق محمود کھوکھر کی جگہ پیش ہوئے تھے تاہم اس کے بعد ٹوئٹر پر طارق محمود بھٹی کے اچانک استعفیٰ کی خبریں گردش ہونا شروع ہوگئیں اور کچھ میڈیا اداروں نے بھی اسے رپورٹ کیا۔اس حوالے سے بتایاگیا کہ طارق محمود کھوکھر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور کہا کہ ان کا ضمیر انہیں پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس میں پیروی کی اجازت نہیں دیتا، ساتھ ہی اے آئی وائی نے بھی ان کے مستعفی ہونے کی خبر رپورٹ کی لیکن یہاں ذاتی وجوہات کا حوالہ دیا گیا۔خیال رہے کہ رواں ماہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا اور اسے 28 نومبر کو سنانے کا اعلان کیا تھا۔