اسلام آباد (این این آئی)ہالینڈ کی ملکہ مکسیما نے کہا ہے کہ پاکستان میں 40 فیصد آبادی غربت کا شکار ہے، صرف 14 فیصد لوگوں کے اکائونٹس ہیں۔ منگل کو ہالینڈ کی ملکہ مکسیما نے اے ڈی بی کے زیر اہتمام کانفرنس میں شرکت کی ، وفاقی وزیر اقتصادی امور نے ملکہ مکسیما کا
خیرمقدم کیا۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہاکہ حکومت کا اگلے چار سال میں 6 کروڑ 50 لاکھ ڈیجیٹل ایکٹیو اکائونٹس کا ہدف ہے، 2023 تک 2 کروڑ خواتین کے ڈیجیٹل اکائونٹس ایکٹیو کرنے کا ہدف ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت آٹومیشن سسٹم پر کام کر رہی ہے۔ہالینڈ کی ملکہ مکسیما نے اے ڈی بی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں 40 فیصد آبادی غربت کا شکار ہے، صرف 14 فیصد لوگوں کے اکائونٹس ہیں۔ملکہ مکسیما نے کہاکہ جدید فنانشل ٹیکنالوجی اور ای کامرس سے مقابلے کا رجحان پیدا ہوگا۔ملکہ مکسیما نے کہاکہ اس مقصد کیلئے صارفین کی ضروریات کا خیال رکھنا ہوگا، ملکہ مکسیما کی موجودگی میں مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے کا اجرا کیا گیا ،اس سے ڈیجیٹل سروسز اور پیمنٹ سسٹم میں آسانی ہوگی۔ملکہ نے کہاکہ پاکستان میں کاروبار کے لیے آسانیاں بہتر ہوئی ہیں، ملکہ نے کہاکہ پاکستان میں نجی شعبہ کے لیے قرضہ جات بڑھے ہیں، خواتین اور غریب طبقے کے لیے قرضہ جات بڑھانا زیادہ اہم ہے۔