رائے ونڈ(آن لائن) سینئر مسلم لیگی رہنماء چودھری شہزاد نذیر سندھو نے کہا کہ تحریک انصاف کے کئی اراکین اسمبلی موجودہ حکومت کی غلط پالیسیوں سے ناراض ہوکر مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونے کیلئے محترمہ مریم نوازاور حمزہ شہباز سے رابطے میں ہیں،
بالخصوص مریم نواز حوالے سے زیادہ متحرک ہیں،انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت میں کسی وقت بھی فارورڈ بلاک بن کر سامنے آسکتا ہے جو اس دھاندلی زدہ حکومت کا تختہ الٹ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز تحریک انصاف کی بنیادیں ہلانے کی صلاحیت رکھتیہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ مفاہتی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ملک و قوم کی خاطر تحریک انصاف کے ناراض اراکین اسمبلی کو اپنے ساتھ ملانے کے حق میں ہے،ہماری پہلی کوشش یہ ہو گی کہ کسی طرح پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت کا دھڑن تختہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز جیل سے رہا ہوتے ہی سیاسی طور پر فوری متحرک ہوگئی تھیں،مریم نواز ایسی مقبول اور مؤثر لیڈر ہیں جو قائد نوازشریف کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو کو عملی جامہ پہناسکتی ہیں اور سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کا بیرون ملک جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، اس حوالے سے میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں، مریم نواز پاکستان میں ہی رہیں گی اور مسلم لیگ ن کے معاملات دیکھیں گی۔کارکن ان کی قیادت میں متحد اور متحرک ہیں۔