اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء نیئر حسین بخاری نے فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان سے وزارت عظمی ٰ چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کیخلاف سنگین بدعنوانی کا مقدمہ زیر سماعت ہے، کیس کی روزانہ سماعت کے فیصلے کے بعد عمران خان کے بیانات اداروں پر دباؤ کے مترادف ہیں،
تلاشی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے تلاشی سے کیوں گریزاں ہیں، جب تک فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہوجاتا عمران خان وزارت عظمیٰ چھوڑدیں۔اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ جب تک فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہیں ہو جاتا عمران خان وزارت عظمی چھوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف سنگین بدعنوانی کا مقدمہ زیر سماعت ہے وہ استعفیٰ دیں تاکہ شفاف تحقیقات ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت فیصلے کے بعد عمران خان کے بیانات اداروں پر دباؤ کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کا عدلیہ بارے ٹانگیں اڈانے کا بیانیہ قابل گرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیس کی کھلی سماعت کی بجائے ان کیمرہ سماعت کی درخواست ہی جرم چھپانے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے تلاشی سے کیوں گریزاں ہیں،عمران خان وزیراعظم کے منصب کوڈھال بناکر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سر سے پاؤں تک بدعنواانی میں لتھڑی پی ٹی آئی الیکشن کمیشن سے کالعدم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری جماعت پر پابندی سے بمعہ عمران خان تمام پی ٹی آئی ممبران پارلیمنٹ نا اہل ہو جائینگے۔