کراچی(آن لائن) سندھ حکومت نے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ نے سندھ بھرمیں اسلحہ لائسنس کے اجرا پرپابندی ختم کردی ہے۔جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ غیرممنوعہ بورکے کمپیوٹرائزڈ اسلحہ لائسنس کا اجرا کیا جائیگا، اسلحہ لائسنس کا اجرا سندھ آرمزلائسنس ایکٹ
کے تحت ہوگا۔محکمہ داخلہ کے مطابق ہرماہ مقررہ کوٹہ کے تحت اسلحہ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے غیر تصدیق شدہ ڈھائی لاکھ سے زائد اسلحہ لائسنس غیر قانونی قرار دیے جاچکے ہیں۔ سندھ بھر میں کافی عرصے سے نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر پابندی عائد تھی جو اب اٹھا لی گئی ہے۔