اسلام آباد (این این آئی)قومی ٹیم کی آل راؤنڈر ثناء میر کی پاکستانی ویمن ٹیم کے دورہ انگلینڈ سے قبل بریک لینے کی اندرونی کہانی منظر عام پر آ گئی کے مطابق ٹیم کو ٹائم نہ دینے اور فٹنس کے حوالے سے پی سی بی ویمن ونگ اور ویمن سلیکشن کمیٹی ناخوش تھی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور
انگلینڈ کی خواتین ٹیمیں آئندہ ماہ ملائیشیا میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گی۔سیریز کی تیاریوں کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ جمعرات سے کراچی میں شروع ہو گا جس کے لیے پی سی بی نے 21 پلیئرز کا اعلان کیا تھا تاہم ثناء میر کرکٹ سے بریک لینے کے لیے سیریز سے دستبردار ہو گئی ہیں۔ان کے متبادل کا فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کی حتمی ٹیم کا اعلان 27 نومبر کو کیا جائیگا۔ذرائع کے مطابق ثنا میر کے بریک لینے کا معاملہ اتنا سادہ نہیں جتنا بتایا گیا ہے، ان کے معاملات گزشتہ چند ماہ سے پی سی بی کے ساتھ بگڑنا شروع ہوئے۔ذرائع نے بتایاکہ ٹیم کو ٹائم نہ دینے اور فٹنس کے حوالے سے پی سی بی ویمن ونگ اور ویمن سلیکشن کمیٹی ناخوش تھی جب کہ ایوارڈ کے لیے امریکا جانے کو ترجیح دینے کو بھی پی سی بی میں ناپسند کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ ثناء میر اور سلیکشن کمیٹی کے عہدیداران کے درمیان اختلافات کی بھی خبریں ہیں۔