کراچی(سی پی پی)پولیس نے کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کو گرفتار کرلیا جس نے سابق رہنما ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار سے رابطے کا انکشاف کیا ہے۔پولیس نے کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن
سے تعلق رکھنے والے ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کو گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش 96 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا انکشاف کیا ہے۔ایس ایس پی ایسٹ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ گرفتار ملزم نے 1995 میں ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کی اور پہلی مرتبہ 1996 میں رینجرز کے ہاتھوں گرفتار ہوا تاہم ایک سال بعد رہا ہو گیا، ملزم کے ہاتھوں قتل ہونے والوں میں فورسز کے لوگ بھی شامل ہیں۔یوسف عرف ٹھیلے والا نے دوران تفتیش سابق رہنما ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار سے رابطہ کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار سے نائن زیرو میں ملاقات ہوتی تھی، سیکٹر انچارج خالد صدیقی اور ندیم ماربل نے فاروق ستار سے ملاقات کروائی، 90 میں رہائش کا بندوبست فاروق ستار کرواتے تھے۔یوسف عرف ٹھیلے والا نے بتایا کہ قیادت کے کہنے پر قتل کی واردتیں کرتا تھا، ہمیں رہنماؤں سے ہدایات ملتی تھیں تو وارداتیں کرتے تھے جب کہ ٹھیلے پر رکھ کر لاشیں ٹھکانے لگاتا تھا۔پولیس نے یوسف ٹھیلے والا کو عدالت میں پیش کیا جہاں 23 نومبر تک ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔