لاہور (آن لائن) نابینا افراد کامیاب دھرنے کے بعد بالاآخر نوکریاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ نابینا افراد نے دو ہفتے سے زائد عرصہ تک مال روڈ پر دھرنا دیا۔ جس کے نتیجے میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نوٹس لیتے ہوئے ایم پی اے نذیر احمد چوہان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔ جس پر ایم پی اے نذیر احمد چوہان نے نابینا مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کئے اور 80 سے زائد بصارت سے محروم افراد کو نوکریاں دیں جبکہ بادامی باغ شیلٹر ہائوس میں ایم پی اے نذیر احمد چوہان نے
نابینا افراد میں نوکریوں کے لیٹر تقسیم کئے۔ اس موقع پر نذیر احمد چوہان نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 80 سے زائد بصارت سے محروم افراد کو نوکریاں دی گئیں ہیں۔ ان افراد میں ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلے میں مزید نابینا افراد کو ان کی تعلیم کے مطابق نوکریاں دی جائیں گی۔ لیٹر حاصل کرنے کے موقع پر نابینا افراد کا کہنا کہ وہ پنجاب حکومت کے شکر گزار ہیں جس کی وجہ سے ان کا حق انہیں مل گیا۔ جس کے بعد نابینا افراد نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔