اسلام آباد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سفارت کاری کے فروغ کیلئے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر کامیاب اقتصادی سفارتکاری کے بعد ثقافتی سفارت کاری(Cultural Diplomacy)
کے آغاز کا اعلان کر دیا ۔ ثقافتی سفارتکاری کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں خیبر پختون خوا کے سینئر وزیر برائے سیاحت وثقافت عاطف خان کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی جس میں پاکستانی کلچر کی طرف دنیا بھر کی توجہ مبذول کروانے کیلئے سیاحت کے فروغ، سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان سیاحت کے اعتبار سے انتہائی اہم ملک بن چکا ہے جہاں پر سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہم وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر غیر ملکی سیاحوں کے لئے آن لائن ویزہ کی سہولت فراہم کر رہے ہیں تاکہ سیاح آسانی کے ساتھ پاکستان آ سکیں اور پاکستان کے تاریخی، ثقافتی ورثے سے مستفید ہو سکیں ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لانے کیلئے ثقافت اور سیاحت کے فروغ کیلئے مزید موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ عاطف خان نے وزیر خارجہ کو خیبر پختون خواہ میں سیاحت کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے سینیٹر صوبائی وزیر عاطف خان کی خیبر پختون خواہ میں سیاحت اور ثقافت کے فروغ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔