اسلام آباد (این این آئی)چین نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور ہمارے لئے موجود سہولیات سے مطمئن ہیں۔ منگل کو وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے چینی سفیر یائوجنگ سے ملاقات کی جس میں باہمی امور اور سکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔چینی سفیر نے دھرنے کو بخوبی اور پر امن طریقے سے ختم کرنے پر وزیر داخلہ کی کارکردگی کو سراہا۔ چینی سفیر نے کہاکہ پاکستان کے سسٹم اور پالیسی کا احترام کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ
سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور ہمارے لئے موجود سہولیات سے مطمئن ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان اور چین کی باہمی ہم آہنگی قابل رشک ہے ،سکیورٹی اور دیگر داخلی امور پر مکمل نظر ہے۔ انہوں نے کہاکہ سفارتی حکام کے لئے سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہمارا فرض ہے۔چینی سفیر نے سیف سٹی اور اینٹی سمگلنگ کے پرجیکٹ کو کامیاب کرنے کے لیے مکمل تعاون اور ہر ممکن کردار ادا کرنے کی پیشکش کی- وزیر داخلہ کی جانب سے اس آفر کا خیرمقدم کیا گیا ۔