اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے مشن پر کاربند ہیں،آنے والے دنوں میں عوامی ریلیف کے لیے بڑے ایکشن سامنے آئیں گے،عمران خان کو ہرانے کی کوشش کرنے والے ہمیشہ ان سے ہارے ہیں،آئندہ بھی ہاریں گے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی محمد نواز شریف کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔ انہوں نے کہاکہ انکی تندرستی کے لیے دعا کرتے ہیں کہ وہ جلد صحت مند ہوں تاکہ واپس آکر قانون کا سامنا کر سکیں ۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے طرزِ عمل سے انسانی احترام اور قانون کی بالادستی کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے مشن پر کاربند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آنیوالے دنوں میں عوامی ریلیف کے لیے بڑے ایکشن سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ معیشت کی بحالی کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے بھی آسانیاں بڑھتی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کو ہرانے کی کوشش کرنے والے ہمیشہ ان سے ہارے ہیں،آئندہ بھی ہاریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف مافیا ہے تو دوسری جانب عمران خان کی قیادت میں عوام ہیں۔