اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ شہباز شریف نیلسن منڈیلا بننا چاہتے ہیں۔ پیر کو ہزارہ موٹر وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دور ان مسلم لیگ ن کے صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایک مجرم جسے عدالت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیرون ملک جانے کی اجازت دی، ہمیں عدالتی فیصلہ قبول ہے لیکن شہباز شریف جو نیلسن منڈیلا بننے کی کوشش کرتا ہے اس نے اس معاملے پر سیاست کی۔انہوں نے کہا کہ ہماری کابینہ کے زیادہ تر اراکین نے نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کے
فیصلے کی مخالفت کی لیکن ہم نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں باہر جانے کی اجازت دی۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے شریف خاندان سے صرف ایک کاغذ کا ٹکڑا مانگا تھا، شریف خاندان نے اتنا پیسہ بنایا ہوا ہے کہ 7 ارب روپے تو یہ ٹپ میں دے سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ میں گارنٹی دوں گا، شہباز شریف کا بیٹا بھاگا ہوا ہے، ان کا داماد بھاگا ہوا ہے، ان کی گارنٹی کون دے گا، نواز شریف کے دونوں بیٹے اور سمدھی بھاگے ہوئے ہیں ان کی گارنٹی کون دے گا، اور سب سے بڑی بات کہ خود شہباز شریف کی گارنٹی کون دے گا۔