اسلام آباد(آن لائن) حکومت نے وزیراعظم کے حکم کے بعد بزرگ شہریوں کے انگوٹھوں کی بائیو میٹرک سے تصدیق کے علاوہ ایک اور بھی سوفٹ ویئر ایجاد کر لیا ہے۔ بائیو میٹرک کے علاوہ دیگر ذرائع سے تصدیق بارے طریقہ کی ایجاد میں سٹیٹ بنک آف پاکستان اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اہم اور بنیادی کردار ادا کیا ہے، بزرگ شہری اور الخصوص پرانی عمر کے لوگوں کے ہاتھ کی انگلیوں کے نشان سے بائیو میٹرک سسٹم کے
ذریعے تصدیق نہیں ہورہی تھی جس کے باعث بزرگ شہری بالخصوص پنشنرز کو شدید مشکلات درپیش تھیں، وزیراعظم نے اس مسئلہ کا ازخود نوٹس لیکر متعلقہ اداروں کو حکم دیا تھا کہ بائیو میٹرک کے متبادل ذرائع تلاش کئے جائیں تاکہ بزرگ شہریوں کی تصدیقی کا مسئلہ حل ہو سکے، وزارت داخلہ نے اپنے ذیلی ادارہ نادرا کو حکم دیا کہ وہ بائیو میٹرک کے متبادل ذرائع تلاش کریں جس کے بعد سٹیٹ بنک اور پی ٹی اے کے ساتھ اشتراک سے ایک نیا سسٹم ایجاد کر لیا۔