کراچی(آن لائن)قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کی فلائٹس اور مختلف دفاتر میں استعمال کے لیے تیار کرائے جانے والے ٹشو پیپر کراچی کی ہیئر ڈریسر شاپ پر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ایئرلائن ذرائع کے مطابق پی آئی اے ملازمین نے خوراک اور پرزہ جات کے بعد ٹشو پیپر زبھی نہ چھوڑے ، قومی ایئرلائن کے پرنٹ کردہ ٹشو پیپرز گلشن اقبال کے معروف سیلون پر استعمال ہونے لگے ہیں۔ سیلون کے مالک نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ کافی
عرصے سے پی آئی اے کے معیاری ٹشو پیپرز 500 روپے فی کلو کے حساب سے خرید رہا ہے۔ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹشو پیپرز پی آئی اے فلائٹ کچن کے کچرے میں شامل کرکے چرائے جاتے ہیں۔پی آئی اے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی آئی اے کے ٹشو پیپرز کے علاوہ کٹلری اور دیگر سامان بھی چرا کر مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا ہے۔ذرائع کے مطابق فلائٹ کچن سے سامان چرانے میں پی آئی اے ملازمین اور ٹھیکیدار ملوث ہوتے ہیں۔