بنوں (این این آئی)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور رہبر کمیٹی کے سربراہ اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں ہمارے پر امن دھرنے کی مثالیں دی جاتی ہیں،حکومت نے رہبر کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں تاہم وزیر اعظم کے استعفے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔رہبر کمیٹی ک سربراہ اکرم خان درانی نے بنوں میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے رہبر کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں تاہم وزیر اعظم کے استعفے پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ پلان بی کے تحت دن کو سڑکیں بند رہیں گی اور رات کو کھول دی جائیں گی، وزیر اعظم عمران خان کو اب حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔اکرم خان درانی نے کہا کہ عوام بہت جلد خوشخبری سنے گی کیونکہ موجودہ حکومت جانے والی ہے اور جلد جے یو آئی کا دور آنے والا ہے،ملک کی تاریخ کا پہلا دھرنا ہے جس میں نہ تو کوئی لاٹھی چلی اور نہ ہی گولی چلی۔انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی وزیر اعظم کے استعفیٰ کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی جبکہ احتجاج کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کے لیے آج رات اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ہم تیسرے مرحلے پر ہر اضلاع میں احتجاج منعقد کریں گے۔جے یو آئی ف کے رہنما نے کارکنان کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان دھرنے کے دوران صبر اور استقامت سے کام لیں۔