اسلام آباد(این این آئی) حکومت کا نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا مشن ،وفاق نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشترکہ اقدامات کا فیصلہ کرلیا ۔ اتوار کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور معاون خصوصی یوتھ افئیرز عثمان ڈار کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں کامیاب جوان یوتھ پروگرام سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔نوجوانوں کو با اختیار بنانے میں صوبائی سطح پر کوششوں میں تیزی لانے پر مشاورت کی گئی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ صوبائی حکومتیں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی
حکومت کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو کامیابی کے مزید مواقع فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام حکومت کا نوجوانوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔عثمان ڈار نے کہاکہ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی سرپرستی میں نوجوانوں کے لئے بڑے فیصلے کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ منصوبے کی کامیابی کے لئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے،آئندہ ماہ سے نوجوانوں میں قرض کی تقسیم شروع کر دی جائے گی۔عثمان ڈار نے کہاکہ چاہتے ہیں کہ نوجوان کاروبار کے میدان میں کامیاب ہوں،کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز دو ماہ میں کر دیا جائے گا۔