اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن نے ارکان قومی اسمبلی کیخلاف گوشواروں میں تضادات دور نہ کرنے پر کارروائی شروع کردی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے گوشواروں میں تضادات دور نہ کرنے پر ارکان قومی اسمبلی کیخلاف کارروائی شروع کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں 45 ارکان قومی اسمبلی کو شوکاز نوٹس جاری کردئیے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے جن ارکان کیخلاف کارروائی شروع کی ہے ان میں بلاول بھٹو زرداری،آصف زرداری،نور عالم خان،فواد چوہدری،عامر کیانی،
مہناز اکبر عزیز،خرم دستگیرخان،ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،شیریں مزاری،مائزہ حمید سمیت دیگر شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق اثاثہ جات اور گوشواروں میں تضاد پر الیکشن کمیشن نے ارکان سے وضاحتیں مانگی تھیں،جواب نہ دینے پر ارکان قومی اسمبلی کیخلاف کارروائی شروع کی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے ارکان قومی اسمبلی سے 14روز میں تحریری جواب مانگا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ملکی تاریخ میں پہلی بار ارکان پارلیمنٹ کے اثاثوں کی چھان بین کی۔ ذرائع کے مظای 14 روز میں شوکاز کا جواب نہ آنے پر الیکشن کمیشن ارکان اسمبلی کو ذاتی حیثیت میں طلب کریگا۔