کراچی(آن لائن) سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ محکمہ سندھ ایکسائز نے جنوری 2020 سے آن لائن ٹیکس جمع کروانے کی سہولت شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور پہلے مرحلے میں موٹر وہیکل ٹیکس کی ادائیگی کے لئے مجوزہ سہولت فراہم کی جائے گی اور آہستہ آہستہ اس کا دائرہ وسیع ہوجائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبدالحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی، ڈائریکٹر ایڈمن / ایم وی آر کنور عامر جمیل، ڈپٹی ڈائریکٹر وحید شیخ، اسٹنٹ ڈائریکٹر کمپیوٹر ون مہران خان اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ آن لائن ٹیکس کی ادائیگی کی سہولت 1 لنک اور برانچ لیس بینکنگ یعنی ایزی پیسہ، موبی کیش وغیرہ کے ذریعے انٹرنیٹ بینکنگ پر مبنی ہوگی۔ شعیب احمد صدیقی نے کہا کہ آن لائن ٹیکس وصولی/ بل کی ادائیگی کی سہولت شروع کرنے سے قبل اس کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی ‘۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے لئے آن لائن ٹیکس جمع کروانے کی شروعات ایک بہت بڑی سہولت ہوگی کہ اس سے نہ صرف وہ اپنا وقت بچا سکیں گے بلکہ دفتر میں آنے اور لائنوں میں کھڑے ہونے کی مشقت سے بھی اپنے آپ کو محفوظ کر سکیں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ اس منصوبے کو جلد سے جلد عملی جامہ پہنانے اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) کو باقاعدہ بنائیں، اور مشاورتی فرم کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے اور منصوبے کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔