راولپنڈی (این این آئی)محکمہ تعلیم کو بلدیات کے حوالے کرنے کے خلاف اساتذہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے بیس نومبر کو پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم کو بلدیات کے حوالے کرنے کے خلاف اساتذہ تنظیمیں متحد ہوگئیں،تحریک اساتذہ پنجاب،پنجاب ٹیچرز یونین،ایجوکیٹرز ایسو سی ایشن اور انگلش ٹیچرز ایسو سی ایشن پنجاب نے راولپنڈی پر یس کلب کے باہر مشترکہ احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ اور حکومت پنجاب پر واضح کیا کہ وہ اس ظالمانہ فیصلے
کو تسلیم نہیں کرتے اساتذہ رہنماؤں نے کہا کہ پنجاب بھر کے اساتذہ نئی حکومتی پالیسی کے خلاف 20 نومبر کو لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گے۔اساتذہ نے کہا کہ بلدیاتی ایکٹ 2019 کے تحت تعلیمی اداروں کو بلدیات کے حوالے کرنے پر اساتذہ میں تشویش اور غم وغصہ پایا جاتا ہے،تعلیمی اصلاحات کی بجائے حکومت اساتذہ کے لیئے مسلسل مسائل پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایسی کسی بھی حکومتی پالیسی کو تسلیم نہیں کرتے جس کے تحت خواندہ ٹیچر ناخواندہ کے ہاتھوں یرغمال بنیں۔