اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سڑکیں بند کر نا علماء کا کام نہیں۔شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مولانا فضل الرحمان اپنے ورکرز کو اتنا امتحان لیں جتنا وہ سہہ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ سڑکیں بند کرنا علماء کا کام نہیں،سڑکیں بند کرنے کا مطلب ہے کہ آپ کسی اور ایجنڈے پر ہیں، کسی اور ایجنڈے پر ہونگے تو قانون حرکت میں آئیگا۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ کا متفقہ فیصلہ ہے کہ
نواز شریف قانونی تقاضے پورے کر کے باہر جائیں،مجھے نہیں پتہ آصف زرداری کو پیکج مل رہا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہاکہ زرداری کے ساتھیوں کیساتھ بات چیت چل رہی ہے،وہ تھوڑے بہت پیسے دینگے تو باہر جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ خبروں کے مطابق میاں صاحب زیادہ بیمار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سید علی گیلانی کا وزیر اعظم کو لکھا گیا خط بہت اہم ہے، عمران خان کو کہوں گا سید علی گیلانی کے خط کو مثبت جواب دیں۔