لاہور(این این آئی)سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے علاج معالجے پر مامور میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے سابق وزیراعظم کے جینٹیک ٹیسٹ ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت میں بہتری ہے
تاہم پلیٹلیٹس میں بار بار کمی کے دیگر اسباب جاننے کے لیےجینٹیک ٹیسٹ ضروری ہیں،نواز شریف بیرون ملک سفر کرسکتے ہیں۔ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے چند ٹیسٹس ملک میں ممکن نہیں،سابق وزیراعظم کو چہل قدمی اورپرہیزی کے بجائے سادہ غذا کے استعمال کی اجازت دیدی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز کی سی بی سی رپورٹ کے مطابق پلیٹلیٹس کی تعداد 30 ہزار تک پہنچ گئی۔علاوہ ازیں بارہ رکنی میڈیکل بورڈ کا اجلاس ختم ہونے کے بعد ڈاکٹر محمود ایاز نے بتایا کہ نواز شریف کا شوگر لیول 15 روز بعد بھی کنٹرول نہیں ہوسکا۔نوازشریف کا روزانہ دن میں 5 سے 6 مرتبہ شوگر لیول چیک کیا جاتا ہے اور حالیہ رپورٹ میں ان کا بلڈ پریشر اور کولیسٹرول لیول بھی معمول سے زیادہ ریکارڈ کیاگیا۔میڈیکل بورڈ کے سربراہ نے بتایا کہ نوازشرہف کے دل کی تکلیف اب بہتر ہے،ان کی ادویات میں روزانہ ردوبدل کیا جاتا ہے۔ڈاکٹر محمود ایاز نے بتایا کہ اسٹیرائیڈز کے باعث شوگر لیول کنٹرول نہیں رہتا کیونکہ گردوں کا نظام بہتر رکھنے کے لیے اسٹیرائیڈز دینا ضروری ہے،اسٹیرائیڈز کی ڈوز انتہائی کم دی جارہی ہے۔