اسلام آباد (این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن جماعتوں کو قومی ڈائیلاگ کی پیشکش کرتے ہوئے کہاہے کہ پارلیمان قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے قومی مکالمے کے لیے تیار ہے۔ پیر کو ایک بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاکہ ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات سمیت معاشی مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ صورت حال میں قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کا فروغ ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملکی سیاسی قیادت کا مسائل کے حل کیلئے ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔اسپیکر نے ملکی سیاسی قیادت کو تعاون کرنے اور تجاویز دینے کی درخواست کی ۔ اسد قیصر نے کہاکہ نیشنل ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے،اعلیٰ عدلیہ اور اپوزیشن رہنماؤں نے بھی پارلیمانی سطح پر ڈائیلاگ کی بات کی۔ انہوںنے کہاکہ عوام کا واحد نمائندہ ادارہ پارلیمان قومی مکالمے کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔