اسلام آباد(این این آئی)وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد نوازشریف اب آزاد ہیں، جہاں سے چاہیں علاج کرا سکتے ہیں۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بہتر علاج کے لیے سابق وزیراعظم کی ضمانت ضروری تھی۔ندیم افضل چن نے کہا کہ اگر حکومت نوازشریف کو جیل میں رکھ کر بہترین سہولیات بھی دیتی تب بھی یہی سمجھا جاتا کہ علاج نہیں ہو رہا،
علاج کے متعلق ڈاکٹرز ہی بہترین فیصلہ کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب کسی کی ضمانت طبی بنیاد پر ہوتی ہے تو اس کیلئے تمام اقدامات ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق ہوتے ہیں اور نوازشریف کے علاج سے متعلق حکومتی فیصلہ بھی ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق ہوگا۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ہے اور سابق وزیراعظم کی جانب سے نام نکالنے کی درخواست فی الحال وصول نہیں ہوئی۔وزیراعظم کے ترجمان نے تسلیم کیا کہ ملک میں عام آدمی کی نسبت اشرافیہ کے لیے قانون پر عمل درآمد مختلف طریقے سے ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان جس رفتار سے کام کرتے ہیں وزارتوں میں ابھی تک وہ معیار حاصل نہیں ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ محکمے ایسے ہیں جن کے پاس کرنے کو کام نہیں ہے جبکہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو کام نہ کرنے کے بہانے کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک بہت سے مسائل کا شکار ہے جنہیں حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے، اس کے لیے ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں جو نظر بھی آرہی ہے۔ندیم افضل چن نے کہاکہ کوشش وہی ہوتی ہے جو لوگوں کو نظر آئے اور محوس ہو، جو نظر نہ آئے اسے کوشش کرنا نہیں کہتے۔انہوں نے بتایا کہ ہمارا مقصد سرمایہ کار کا اعتماد بحال کرنا ہے، اس حوالے سے کافی کام ہو رہا ہے اور معاملات میں بہتری بھی آئی ہے۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ وزیراعظم ہمیشہ عام آدمی کی بات کرتے ہیں، ان کی اولین ترجیح اسے انصاف دینا ہے لیکن ہمارے عدالتی نظام میں چند مسائل موجود ہیں جنہیں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ فضل الرحمان کے مارچ کا مقصد سمجھ نہیں آیا۔