اسلام آباد(این این آئی)وفاقی دار الحکومت میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر سکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ۔ذرائع کے مطابق تمام داخلی خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ،ضلع بھر میں پٹرولنگ کو مزید بڑھا دیا گیا ۔
ذرائع نے مطابق ہدایت کی گئی کہ اسلام آباد میں سفر کرنے والے شہری شناختی علامت کے ساتھ سفر کریں ۔کسی قسم کی پر پریشانی سے بچنے کے لیے اپنے سفری کاغذات اپنے پاس رکھیں ۔دریں اثنا آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذو الفقار خان نے کہاہے کہ جذبہ ایمانی اور حب الوطنی سے سرشار اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ہفتہ کو آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں آزادی مارچ کے دوران سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے پر مشاورت کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق جذبہ ایمانی اور حب الوطنی سے سرشار اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان میرے ہیروز ہیں ،اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں کے ساتھ میں خود کھڑا ہوں گا ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں کا مورال بلند ہے ،شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ آئی جی اسلام آباد نے بتایاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام افسران و جوان تیار ہیں ،قانون کے دائرے میں رہتے ہیں تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔