لاہور(این این آئی)سیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن(ر)محمد عثمان کی ہدایت پرمحکمہ صحت کی خصوصی ٹیم نے ڈینگی کی جعلی ادویات بنانے والا گروہ پکڑلیا۔بھاری مقدار میں تیارکردہ سپرے برآمد کر کے تلف کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈینگی کے علاج کے نام پر لوگو ں کو لوٹنے والا انسانیت دشمن جعل ساز گروہ پکڑا گیا۔
محکمہ صحت کی خصوصی ٹیم نے سیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر کی ہدایت پر خفیہ چھاپہ مار کر ڈینگی سیرپ بنانے والا گروہ پکڑ ا۔کیپٹن(ر)محمد عثمان کا کہنا تھا کہ جعلی ڈینگی سیرپ دھرم پورہ کے علاقے میں بنایا جا رہا تھا۔ خصوصی ٹیم نے ڈینگی کی جعلی ادویات تیار کرنے والے حمزہ میڈیکل سنٹر ایند میڑنٹی سنٹرہوم(ریسرچ سنٹر) کو سیل کر تے ہوئے جعل سازی کے جرم میں محمد اشفاق حمزہ ولد محمد اقبال کو گرفتار کر لیا گیا۔تیارشدہ سیرپ اور خام مال سمیت کل 150 بڑی بوتلیں موقع سے برآمد کرکے تلف کر دی گئیں۔ سیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرکا مزید کہنا تھا کہ ڈینگی مرض کے علاج یا فوری پلیٹ لیٹس بڑھانے والی کسی قسم کی ابھی تک کو ئی دوا دریافت نہیں ہوئی۔انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ اس قسم کی تمام جعلی دواؤں کے استعمال سے مکمل پرہیز کریں۔ڈینگی کے مرض کی صورت میں فوراًقریبی سرکاری ہسپتال علاج کے لیے تشریف لائیں۔تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے تشخیصی ٹیسٹ اور علاج کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی علاج کی کوئی دوا یا سیرپ فروخت ہوتے دیکھیں تو فوراًمحکمہ صحت کو اطلاع کریں۔ صوبہ بھر میں انسانی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ادویات میں دھوکہ دہی اور جعل سازی کرنے والے انسانیت کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔