اسلام آباد (این این آئی)حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کے استعفے کا مطالبہ مسترد کر تے ہوئے اپوزیشن سے روابط جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان کا ایوان صدر میں اجلاس ہوا جس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، قائمقام صدر صادق سنجرانی، پرویز الہٰی اور دیگر ارکان نے شرکت کی۔اجلاس میں اپوزیشن کے مطالبات پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم نے وزیر اعظم عمران خان کے استعفے کا مطالبہ
کسی صورت تسلیم نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں اتفاق رائے کیا گیا کہ اپوزیشن کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے وزیراعظم کا استعفیٰ کوئی آپشن نہیں۔ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اپوزیشن کو مذاکرات پر امادہ کرنے کی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے اپوزیشن سے روابط جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔دوسری جانب اپوزیشن نے وزیراعظم کے استعفے پر بات چیت ایجنڈے میں شامل کرنے تک مذاکرات میں نہ آنے کا اعلان کیا۔