ملتان(آن لائن) سینئر سیات دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ بھارت جتنا چاہتا تھا اس سے بڑھ کر نازک حالات سے ہم خود پاکستان کو گزار رہے ہیں۔ملتان میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا سو سالوں پر محیط ہوتا ہے،
بدقسمتی ہمارے ملک میں ایسا نظام رائج ہے کہ یہاں کوئی سیاست دان پیدا نہیں ہو سکتا۔نواز شریف کی اسیری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب مکمل طور پر انتقام بن چکا ہے، جیل میں سہولتیں پوری دنیا میں ملتی ہیں، مگر یہاں پر تو اسپتال لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔اس ضمن میں ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز جس طریقے سے جیل بھگت رہی ہیں کوئی سوچ نہیں سکتا جبکہ میاں نوازشریف زندگی اورموت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔حکومتی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ آج مہنگائی کے پہاڑوں کے نیچے عوام پس رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی مہنگائی مزید بڑھنی ہے اوریہ عوام کو کہتے ہیں ہم کوئی نوکریاں نہیں دیں گے جبکہ اپنے رشتے داروں میں نوکریاں بانٹ رہے ہیں۔آزادی مارچ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان میرے چھوٹے بھائی ہیں، ان کے آزادی مارچ پر سب جماعتیں سوچ بوجھ کے بعد متفق ہوئی ہیں تاہم میں اب بھی کہتا ہوں کہ عمران خان کو پانچ سال تک حکومت کرنے دیں۔