لاہور (آن لا ئن ) پنجاب حکومت نے رحیم یار خان پولیس کے ہاتھوں دوران حراست ہلاک ہونے والے صلاح الدین کے گاوں تک سڑک اور گیس پہنچانے کیلئے 8کروڑ روپے کے فنڈز جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ تفصیلا ت کے مطابق 4کروڑ روپے کامونکی کے علاقے واہنڈو کے گاوں گورالی تک سڑک کی تعمیر اور 4کروڑ روپے گاوں تک گیس کی فراہمی کے لئے رکھے گئے ہیں۔ یہ فنڈز نیا پاکستان سکیم کے لئے مختص فنڈز میں سے فراہم کئے جائیں گے۔
حکومت کی طرف سے ان منصوبوں کا اعلان صلاح الدین کے والد محمد افضال کی طرف سے واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کو معاف کرنے پر کیا گیا تھا۔ صلاح الدین کے لواحقین اور پولیس کے درمیان صلح کرانے میں امیر جماعت الدعوہ حافظ محمد سعید نے اہم کردار ادا کیا تھا۔صلاح الدین کے والد محمد افضال نے جما عتہ الدعوۃ گوجرانوالہ کے امیر ڈاکٹر مزمل کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گوجرانوالہ ڈاکٹر ذیشان حنیف سے ملاقات کی توانہیں فنڈز کی منظوری کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔