کوہاٹ+میران شاہ(این این آئی) صوبہ خیبر پختون خوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے نو منتخب ممبر صوبائی اسمبلی اقبال وزیر قاتلانہ حملہ میں بال بال بچ گئے۔ قاتلانہ حملہ شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے سپین وام کے علاقے اباخیل میں ہوا۔ مقامی انتظامیہ کے حوالے سے موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی اقبال وزیر سین وام کے علاقے میں کسی قبائلی کی فاتحہ
خوانی کے بعد واپس آرہے تھے کہ ابا خیل کے قریب ان کی گاڑی کو سنائپر سے نشانہ بنا کر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا تاہم اس حملے میں اقبال وزیر بال بال بچ گئے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ایم پی اے اقبال وزیر کی گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔بتایا جاتا ہے کہ واقعہ کے بعد ایم پی اے اقبال وزیر کو مقامی پولیس نے اپنی حفاظت میں لے لیا۔ فوری طور پر مزید معلومات حاصل نہیں ہو سکیں۔