لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومتیں تو جنگوں میں بھی تبدیل ہو جاتی ہیں اس لئے جو پاکستان کے مفاد میں ہے وہ ہونا چاہیے، جو بھی فیصلہ کیا جائے گا وہ سوچ سمجھ کر کیا جائے گا، اس حوالے سے میاں صاحب سے بھی مشاورت ہو گی۔ میرے خیال میں یہ سوچ مولانا فضل الرحمان کے قریب ہونی چاہیے اور میری ذاتی رائے ہے کہ مارچ اور دھرنے میں شرکت کرنی چاہیے۔ ماڈ ل ٹاؤن میں میڈیا
سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک کو جس تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے ایسا کبھی دیکھا تھا اور نہ سوچا تھا۔ عمران خان کی وجہ سے کشمیر کاز پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور لوگ طرح طرح کی باتیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کشمیر کی موجودہ صورتحال میں حکومت کی تبدیلی کے سوال کے جواب میں کہا کہ حکومتیں تو جنگوں میں بھی تبدیل ہوجاتی ہیں اور جو پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے وہ ہونا چاہیے۔