سرگودھا(این این آئی )اگلے حج سیزن سے حجاج کو پاسپورٹ کی جگہ سمارٹ حج کارڈ شروع ہو گا۔ جس کے ہوتے ہوئے حجاج کو سعودی عرب میں قیام کے دوران پاسپورٹ کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔زرائع کے مطابق سمارٹ حج کارڈ کے اجراء سے حجاج کوایئر پورٹس پر پاسپورٹ کی
ضرورت پیش نہیں آئے گی۔کیونکہ یہ سمارٹ کارڈ شناختی کارڈز کی طرز پو ہو گا جس میں حاجی کے مکمل کوائف، ویزے کی مدت، حج پیکیج کی تفصیلات، مکرمہ مکرمہ، مدینہ منورہ، منیٰ، مزدلفہ، عرفات میں قیام گائیں، خیموں کی لوکیشن، صحت سے متعلق معلومات اور دیگر کوائف کااندراج ہو گا۔ اس سمارٹ حج کارڈ کے حجاج کو مقدس مقامات کی زیارت کی خاطر ٹرین کے ٹکٹ کے حصول میں آسانی ہو گی۔ جبکہ حجاج اپنا خیمہ یا راستہ بھول جائیں تو کارڈ سکینر مشینوں سے اس کا پتا چلایا جا سکے گا اور اگر کوئی حاجی صحت کی خرابی کی وجہ سے بے ہوش ہو جائے تو طبی امداد کے عملے یا ہسپتال والوں کو اس کی صحت سے متعلق تمام سابقہ ریکارڈ بھی سمارٹ کارڈ سے مِل جائے گا۔ وہاں قیام کے دوران سمارٹ کارڈ کے باعث کسی حاجی کے بارے میں یہ بھی پتا چل سکتا ہے کہ وہ اس وقت کہاں ہے،وہ کب جمرات پل گیا ،کتنی دیر میں رمی کی اور کتنی دیر میں طواف مکمل کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ اس کارڈ کی بدولت غیر قانونی حج کا مکمل طور پر سدباب کیا جا سکے گا۔ امسال بھی حجاج کو اس طرز پر کارڈ کا آزمائشی طور پر اجراء کیا گیا ہے۔