اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور میں زیر تکمیل میٹرو بس منصوبے کے انڈر پاس میں حجام نے دکان کھول لی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پشاور کے علاقہ ہشت نگری میں میٹرو کے نیچے سے بنائے گئے انڈر پاس میں حجام نے چار کرسیاں، شیشہ، میز اور دیگر ضروری سامان رکھ کر روزی کا اڈہ کھول لیا۔ نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے حجام کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں کہ یہ منصوبہ کب مکمل ہوگا اس لیے میں نے یہاں
روزی کمانے کو ترجیح دی۔حجام نے بتایا کہ اہم گزرگاہ ہونے کی وجہ سے میں یہاں چار دن سے اچھی روزی کما رہا ہوں۔ 30 ارب کے پشاور میٹرو منصوبے کے انڈر پاس میں حجام کی دکان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور حجام کو وہاں سے باہر نکال دیا گیا ۔ جبکہ دوسری جانب عوام نے پاکستان تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔