اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نیب کی جانب سے کرپشن کیخلاف کاروائیاں جاری ہیں ۔ رواں ماہ کے دوران سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت بڑی شخصیات کی گرفتاری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ جس میں حکومتی اور اپوزیشن شخصیات شامل ہیں ۔نیب ذرائع کے مطابق جولائی میں جعلی اکائونٹس ،
مالم جبہ کیس اور ایل این جی کیسوں میں اہم پیشرفت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ جبکہ جعلی اکائونٹس کیس میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کے حوالے سے نیب نے بڑے پیمانے پر تحقیقات جاری رکھیں ہوئی ہیں اور متعدد ریفرنسز بھی دائر کیے جا چکے ہیں ۔ دوسری جانب نیب نے نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں سینئر رہنما (ن) لیگ احسن اقبال کو طلب کرلیا ہے۔ نارووال سپورٹس سٹی منصوبے میں مبینہ کرپشن پر نیب راولپنڈی نے (ن) لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال کو طلب کیا ہے۔ نیب نوٹس کے مطابق سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نیب پنڈی کےدفتر میں پیش ہوں۔ حلقے میں اربوں روپے کا اسپورٹس سٹی تعمیر کرکے خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، احسن اقبال نے خلاف قانون 3 ارب روپے کا منصوبہ نارووال میں شروع کیا ،نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نارووال میں سپورٹس سٹی کی تعمیر میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بھی اختیارات سے تجاوز کیا ہے ۔