اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے فائیو سٹار ہوٹل نے بھی ڈالر میں کرائے وصول کرنا شروع کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مسلم لیگ ن کے سینئررہنما خواجہ آصف نے فائیو اسٹار ہوٹل
پرل کانٹیننٹل کی جانب سے روپے کی بجائے ڈالر میں کرائے وصول کرنے کی تصویر بھی بطور ثبوت پیش کی ۔خواجہ آصف نے اپنے ٹویٹ میں پرل کانٹیننٹل میں قیام کی صورت میں جنریٹ کیا گیا بل ٹویٹر پیغام میں شیئر کیا جس میں ٹوٹل بل ڈالرز کی شکل میں لکھا گیا ہے۔ یہ بل پرل کانٹیننٹل ہوٹل مظفر آباد کا ہے۔ خواجہ آصف نے اس تصویر کوشیئر کرتے ہوئے کہا کہ روپیہ بے توقیر ، فائیو اسٹار ہوٹل روپے میں بل وصول کر نے سے انکاری۔خواجہ آصف کے اس ٹویٹ پر صارفین کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود فائیو سٹار ہوٹل کی روپے کی بجائے ڈالر کی صورت میں وصولی سمجھ سے باہر ہے۔جبکہ کچھ صارفین نے یہ ٹویٹ کرنے پر خواجہ آصف کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہاں کون سا غریب لوگ جاتے ہیں۔ ہم نے اپنی زندگیوں میں فائیو اسٹار ہوٹل صرف باہر سے ہی دیکھا ہے۔ آپ کو چاہئے کہ اصل مسائل کی جانب توجہ دلوائیں۔ جبکہ کچھ صارفین نے اس خبر کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے موجود حکومت کو ہی تنقید کا نشانہ بناڈالا۔یاد رہے کہ ڈالر کی قیمت 164روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے ۔