اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے قومی اسمبلی میں سلیکٹڈ لفظ پر پابندی کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان اگر سلیکٹڈ نہیں ہیں تو اس لفظ پر پابندی کیوں لگوارہے ہیں؟ ۔ ایک بیان میں شیری رحمان نے کہاکہ
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زبان سے ادا ہونے والا سلیکٹڈ کا لفظ عمران خان کی پہچان بن گیا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے سلیکٹڈ کے لفظ پر کل تالیاں بجائی تھیں اور آج قومی اسمبلی میں پابندی لگوادی۔ انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی میں سلیکٹڈ کے لفظ پر پابندی لگوانا دراصل عمران خان کے دل کا چور ہے۔ انہوںنے کہاکہ اپنے حریفوں کو چور اور ڈاکو کہنے والے عمران خان کو لفظ سلیکٹڈ سے اتنا خوف مضحکہ خیز ہے۔انہوںنے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سلیکٹڈ کے ایک لفظ میں عمران خان کی پوری سیاست کو سمودیا۔انہوںنے کہاکہ عمران خان جتنی پابندیاں لگالیں، عوام جانتے ہیں کہ ان کا وزیراعظم سلیکٹڈ ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کو سلیکٹ کرنے والوں نے انہیں پہلے میانوالی کا کونسلر بنوادیا ہوتا تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی۔انہوںنے کہاکہ جس شخص کی کونسلر کی سیٹ جیتنے کی اہلیت نہ ہو اور وہ وزیراعظم سلیکٹ ہوجائے تو ملک تو تباہ حال ہوگا۔