پیر‬‮ ، 04 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

حامد میر نے عمران خان کو ”تھوک کر چاٹنے والا“ سیاستدان قرار دے دیا، کالم میں حیران کن بیانیہ

datetime 17  جون‬‮  2019
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف صحافی و کالم نگار حامد میر نے اپنے کالم بعنوان ”تھوک کر چاٹنے والے“ والے میں وزیراعظم عمران خان کو تھوک کر چاٹنے والا سیاستدان قرار دے دیا، معروف صحافی نے اپنے کالم میں لکھا کہ پاکستان میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے بہت اچھا ہو رہا ہے۔ یہ مت سمجھئے گا کہ میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور خوف کی فضا پر بہت خوش ہوں۔ کل سیالکوٹ میں شادی کی ایک تقریب کے دوران ایک بڑے صنعتکار نے مجھے پوچھا کہ چند سال پہلے پاکستان میں روزانہ بم دھماکے ہوتے تھے،

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ عروج پر تھی لیکن اتنی مہنگائی نہ تھی جتنی آج ہے، اسٹاک مارکیٹ میں اتنی بے یقینی نہیں تھی جتنی آج ہے، میڈیا اتنا خوفزدہ نظر نہیں آتا تھا جتنا آج ہے پھر وزیراعظم عمران خان نے یہ کیسے کہہ دیا کہ ملک میں استحکام آگیا ہے؟ اس سے پہلے کہ میں جواب دیتا ایک اور صنعتکار نے قہقہہ لگایا اور کہا کہ وزیراعظم کے دعوے کے اندر آپ کے سوال کا جواب موجود ہے۔ وزیراعظم نے چند دن پہلے رات کے پچھلے پہر اپنے ایک مشہور زمانہ خطاب میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان میں استحکام آگیا ہے اور اب میں پاکستان کو لوٹنے والوں کو نہیں چھوڑوں گا۔ اُن صاحب نے کہا آپ اس تقریب میں اپنے اردگرد موجود دس افراد سے باری باری پوچھ لیجئے کہ کیا وزیراعظم نے جو کچھ بھی کہا سچ کہا؟ اطمینان نہ ہو تو پھر بیس افراد سے پوچھ لیں۔ پھر بھی تسلی نہ ہو تو سو لوگوں سے پوچھ لیں۔ دل گھبرانا بند نہ کرے تو شادی کی اس تقریب سے نکلئے اور کسی چوک چوراہے پر جا کر لوگوں کو روک روک کر پوچھیں کہ بھائی صاحب کیا پاکستان میں استحکام آگیا ہے؟ کیا عمران خان جو کر رہا ہے وہ ٹھیک کر رہا ہے؟ ابھی اُنکے الفاظ زبان پر باقی تھے کہ اردگرد موجود افراد نے خوشی کی اس تقریب میں اپنے چہروں پر رقت طاری کر کے انتہائی درد ناک انداز میں کہنا شروع کر دیا۔ نہیں نہیں کوئی استحکام نہیں آیا، سب جھوٹ ہے۔ ایک صاحب نے ماتمی لہجے میں کہا ہم تو کہیں کے نہ رہے، لٹ گئے، برباد ہو گئے، کاروبار تباہ ہو رہا ہے سمجھ نہیں آ رہی کیا کروں، کدھر جاؤں؟

پھر انہوں نے اپنے نوجوان برخوردار کو آواز دی۔ جون کی گرمی میں سوٹ ٹائی پہنے ایک خوبصورت نوجوان گود میں دو سال کی پیاری سی بچی اٹھائے والد صاحب کے سامنے حاضر ہو گیا۔ بچی نے دادا کو دیکھا تو باپ کی گود سے چھلانگ مار کر دادا کے کندھے سے جا لگی۔ مضطرب اور پریشان دادا کے چہرے پر کچھ مسکراہٹ نمودار ہوئی اور انہوں نے قدرے اطمینان سے اپنے بیٹے کو کہا ”ذرا میر صاحب کو بتاؤ کہ پچھلے سال کے عام انتخابات میں آپ نے کس کو ووٹ دیا تھا؟“ بیٹے نے جھکی جھکی نظروں کیساتھ کہا کہ میں نے اور امی جان نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا تھا،

ابو نے مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیا تھا۔ ابو نے پوتی کا گال چومتے ہوئے برخوردار سے کہا کہ اب ذرا یہ بھی بتاؤ کہ کیا پاکستان میں استحکام آگیا ہے؟ کیا عمران خان جو کر رہا ہے وہ ٹھیک کر رہا ہے؟بیٹے نے اپنی پیشانی سے پسینے کے قطروں کو رومال سے پونچھا اور انگریزی لہجے میں اردو بولتے ہوئے کہا کہ میں نے عمران خان کو اسلئے ووٹ دیا تھا کہ اس نے ”اسٹیٹس کو“ توڑنے کا وعدہ کیا تھا، وہ ہمیں نیا پاکستان دینے کی بات کر رہا تھا۔ اُس نے ہمیں جو خواب دکھائے وہ خود ہی توڑ دیئے اُس نے جو وعدے کئے وہ خود ہی توڑ دیئے۔ نوجوان نے کہا کہ 2011ء میں وہ برطانیہ میں پڑھتا تھا اور والد کہہ رہے تھے کہ

وہیں بزنس شروع کر دو پاکستان واپس نہ آؤ لیکن میں اکتوبر 2011ء میں مینارِ پاکستان لاہور کے سائے میں عمران خان کی تقریر سے متاثر ہو کر پاکستان واپس آ گیا۔ اُس زمانے میں خان صاحب چوہدری پرویز الٰہی کو ڈاکو اور زرداری کو سب سے بڑی بیماری قرار دیتے تھے۔ 2014ء میں عمران خان نے اسلام آباد میں نواز شریف حکومت کے خلاف دھرنا دیا تو میں اپنے دوستوں کیساتھ کئی دن تک اس دھرنے میں شریک رہا۔ 2018ء میں ہم نے بڑی بے لوثی کے ساتھ تحریک انصاف کو صرف ووٹ ہی نہیں دیا بلکہ انتخابی مہم میں بھی حصہ لیا لیکن پہلا جھٹکا اس وقت لگا جب عمران خان نے پرویز الٰہی کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنا دیا۔

پھر جھٹکے پر جھٹکا لگتا رہا اور سب سے بڑی بیماری آصف علی زرداری کا وزیر خزانہ حفیظ شیخ ”اسٹیٹس کو“ توڑنے کے دعویدار عمران خان کا مشیر خزانہ بن گیا ہے۔ ہمارا خیال تھا کہ اب عمران خان معیشت کو سنبھالنے پر توجہ دے گا لیکن جس دن بجٹ آنا تھا اُس دن ہمیں اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں کی خبریں مل رہی تھیں۔ زرداری تو پہلے بھی کئی سال جیل کاٹ چکا ہے اُس سے پرویز مشرف ایک روپیہ نہیں نکلوا سکا تو عمران خان کیا نکلوائے گا؟ ہماری حکومت اور معیشت کی حالت ہماری کرکٹ ٹیم جیسی ہو چکی ہے وزیراعظم کا کچھ پتہ نہیں کس وقت کیا تقریر کر دے، کس وقت کون سا وعدہ توڑ کر یوٹرن پر اترانے لگے۔

میں نے اس نوجوان سے کہا کہ ہماری کرکٹ ٹیم کبھی کبھار دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں کو شکست بھی تو دے ڈالتی ہے۔ اُس نے بہت تلخ لہجے میں کہا کہ کرکٹ میں ہار جیت سے پاکستان میں استحکام نہیں آسکتا، کرکٹ ٹیم جیت جائے تو ہم بھی ناچتے ہیں لیکن ہمارے ناچنے سے ڈالر کی قیمت تو نیچے نہیں آئیگی اسلئے عمران خان کو اب کرکٹر بن کر نہیں وزیراعظم بن کر سوچنا چاہئے۔ اس نوجوان کی گفتگو سن کر میں خاموش رہا لیکن میرے اندر یہ اطمینان پیدا ہوا کہ اس وقت ہمیں پاکستان میں جو افراتفری، مہنگائی اور خوف نظر آرہا ہے اس میں بھی ایک خیر اور تعمیر کا پہلو ہے اور وہ یہ کہ بڑے بڑے لوگوں کا چھوٹا پن تیزی کیساتھ سامنے آ رہا ہے۔

تحریک انصاف کے وہ رہنما جنہوں نے صرف ایک سال پہلے علی جہانگیر صدیقی کی امریکا میں بطور سفیر تقرری کو مسلم لیگ(ن) کی اقربا پروری قرار دیا تھا اُسی تحریک انصاف نے علی جہانگیر صدیقی کو اپنی حکومت کا سفیر برائے غیر ملکی سرمایہ کاری بنا ڈالا ہے۔ اگر میں یہ کہوں کہ اسے کہتے ہیں تھوک کر چاٹنا تو تحریک انصاف کے حامی کہیں گے کہ کیا صرف ہم تھوک کر چاٹتے ہیں؟ جی نہیں مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی والے بھی تھوک کر چاٹتے ہیں۔ جس طرح عمران خان کہا کرتے تھے کہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو پرویز الٰہی ہے اسی طرح بلاول بھٹو زرداری بھی کہتے تھے کہ نواز شریف مودی کا یار ہے۔ مریم نواز اپنے جلسوں میں زرداری عمران بھائی بھائی کے نعرے لگواتی تھیں۔  اب ان دونوں کے والد صاحبان گرفتار ہیں تو دونوں ایک دوسرے کے دستر خوان کو رونق بخش رہے ہیں۔ لیکن یہ دونوں جماعتیں تو ٹھہریں پرانے پاکستان کی نمائندہ ”اسٹیٹس کو“ کی طاقتیں۔ یہ اپنا تھوکا چاٹ کر نئے پاکستان کا نعرہ نہیں لگاتیں نئے پاکستان کا نعرہ تو عمران خان نے لگایا تھا۔ کیا وہ حفیظ شیخ اور علی جہانگیر صدیقی کیساتھ مل کر نیا پاکستان بنائیں گے؟

مان لیں کہ آپ بھی وہی ہیں جو ماضی کے حکمران تھے۔اب آپ کو سمجھ آ گئی ہو گی کہ اس ناچیز کو ملکی حالات پر کوئی پریشانی کیوں نہیں؟ بڑے بڑے سیاستدان گرفتار کئے جا رہے ہیں۔ میرا خیال ہے مزید سیاستدانوں کو گرفتار کر لیں۔ کچھ صحافیوں کو بھی گرفتار کر لیں۔ الٹا لٹکانے اور پھانسیاں لگانے کی خواہش بھی پوری کر لی جائے۔ کرپشن اور غداری کے الزامات میں سے جو نکالنا ہے اب نکال ہی ڈالیں۔ جو نچوڑنا ہے وہ نچوڑ لیں تاکہ لوگوں کو پتہ چل جائے کہ کرپشن اور غداری کے غلغے کی اصل حقیقت کیا ہے؟ آخر کب تک آپ لوگوں کو یہ کہہ کر چپ کراتے رہیں گے کہ اس ملک کی معیشت کو نواز شریف اور زرداری نے تباہ کیا؟ آخر کو لوگ بھی تو پوچھیں گے نا کہ ٹھیک ہے نواز شریف اور زرداری لٹیرے تھے لیکن آپ لٹیروں کے ساتھیوں کو حکومت میں شامل کر کے بھی معیشت کیوں نہیں سنبھال پا رہے؟ کرپشن اور غداری کے الزامات کا بیانیہ نیا نہیں بہت پرانا ہے لیکن اس دور میں یہ بیانیہ اپنے آخری سانسوں پر ہے۔ اس بیانئے سے نجات میں پاکستان کا بہت فائدہ ہے لہٰذا پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے بہت اچھا ہو رہا ہے۔ تھوک کر چاٹنے والے بے نقاب ہو رہے ہیں۔

موضوعات:



کالم



آرٹ آف لیونگ


’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…

عزت کو ترستا ہوا معاشرہ

اسلام آباد میں کرسٹیز کیفے کے نام سے ڈونٹس شاپ…

کنفیوژن

وراثت میں اسے پانچ لاکھ 18 ہزار چارسو طلائی سکے…

ملک کا واحد سیاست دان

میاں نواز شریف 2018ء کے الیکشن کے بعد خاموش ہو کر…

گیم آف تھرونز

گیم آف تھرونز دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانے…

فیک نیوز انڈسٹری

یہ جون 2023ء کی بات ہے‘ جنرل قمر جاوید باجوہ فرانس…

دس پندرہ منٹ چاہییں

سلطان زید بن النہیان یو اے ای کے حکمران تھے‘…

عقل کا پردہ

روئیداد خان پاکستان کے ٹاپ بیوروکریٹ تھے‘ مردان…

وہ دس دن

وہ ایک تبدیل شدہ انسان تھا‘ میں اس سے پندرہ سال…

ڈنگ ٹپائو

بارش ہوئی اور بارش کے تیسرے دن امیر تیمور کے ذاتی…