اسلام آباد (این این آئی)رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی گئی جس میں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ محسن داوڑ اور علی وزیر کو آرٹیکل 62، 63 کی بنیاد پر نااہل قرار دیا جائے۔ پیر کو درخواست سابق چیئرمین ڈیموکریٹ پارٹی آف پاکستان فتح یاب خالد نے اپنے وکیل حافظ محمد سفیان کی وساطت سے الیکشن کمیشن میں دائر کی۔رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن
میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ دونوں ایم این ایز ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں لہذا نااہل قرار دیا جائے۔ محسن داوڑ اور علی وزیر کو آرٹیکل 62، 63 کی بنیاد پر نااہل قرار دیا جائے، دونوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حلف کی بھی خلاف ورزی کی۔ درخواست گزار نے کہاکہ علی وزیر اور محسن داوڑ کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت سے فوری روکا جائے اور علی وزیر اور محسن داوڑ کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے۔