راولپنڈی (آن لائن) برطانوی ایئر لائنز ‘برٹش ایئرویز’ 2 جون سے 11 سال بعد پاکستان میں فلائٹ آپریشن کا آغاز کرے گی۔برٹش ایئر ویز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئرلائن لندن ہیتھرو کے لیے ایک ہفتے میں 3 پروازوں کی سروس کا آغاز کررہی ہے، 2 جون کو پہلی پرواز سے قبل، ایئرلائن کی واپسی کے لیے حتمی تیاریاں کی جارہی ہیں۔
یہ سروس تھری کلاس بوئنگ 787 ڈریم لائنر کے ذریعے فراہم کی جائے جس میں مسافر ورلڈ ٹریولر، ورلڈ ٹریولر پلس اوور کلب ورلڈ کلاسز میں سفر کرسکیں گے۔787 طویل سفر کے لیے نیا بوئنگ طیارہ ہے جس میں ایندھن کی کارکردگی دیگر طیاروں کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے اور بڑی کھڑکیاں اور ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ بھی موجو د ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ صارفین پرواز کے دوران پیشگی خدمات کی توقع کرسکتے ہیں جس میں ہر کیبن میں حلال کھانے کا آپشن بھی شامل ہے۔ایئر لائن کی کوشش ہوگی کہ ہر کھانے میں موجود ساس میں الکحل یا پورک نہ ہو، برٹش ایئر ویز کی فلائٹ میں صارفین چند کھانے بھی پیشگی آرڈر کرواسکیں گے جس میں سبزیاں بھی شامل ہیں۔ایئرلائن میں پاکستان اور برطانوی-پاکستان افراد کی بڑی تعداد موجود ہے جو اردو بولتے ہیں اور وہ پرواز پر خدمات سرانجام دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔برٹش ایئر ویز کے کمرشل آفیسر اینڈریو بریم نے کہا کہ ‘ روٹ کے آغاز کے لئے حتمی تیاریاں کرتے ہوئے ہمارا جوش بڑھ رہا ہے، صارفین اور ساتھیوں کی جانب سے پذیرائی قابل تعریف ہے اور ہم امید کرتے ہں کہ برطانیہ اور پاکستان کے صارفین ہماری جانب سے پیش کی جانے والی کلاسک برطانوی سروس کا لطف اٹھاسکیں ‘۔