ملتان(این این آئی)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈالر کے ریٹ کو دیکھیں وزیر خزانہ کا اس سے تعلق نہیں ہوتا،سیاسی پارٹیوں کا اپنا فیصلہ ہے وہ احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو عید کے بعد اپنا شوق پورا کر لیں۔جمعرات کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈالر کے حوالے سے اسٹیٹ بینک خود مختار ہے اور اسٹیٹ بینک کے گورنر کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈالر کی قیمت کو دیکھیں، ملک میں روپے کی قدر
کا گرنا اور ڈالر کی قیمت کا بڑھنا وزیر خزانہ کا اس سے تعلق نہیں ہوتا، امریکہ اور چائینہ کے درمیان معاملات بھی ڈالر پر اثر انداز ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں قیاس ارائیوں پر بات نہیں کرتا ٹھوس ثبوت اور شواہد کے ساتھ بات کرتا ہوں، نئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کبھی حکومتی عہدے پر نہیں رہے، وہ ٹیکنوکریٹ ضرور ہیں اور ٹیکس ریونیو کے حوالے سے ماہر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی پارٹیوں کا اپنا فیصلہ ہے وہ احتجاج کرنا چاہتے ہیں توعید کے بعد اپنا شوق پورا کر لیں۔