اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی کے دفتر میں پیش ہو ئے، جہاں ان سے پوچھ گچھ مکمل کر لی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما سابق وزیر اعظم
شاہد خاقان عباسی ایل این جی کیس میں نیب نے طلب کیا تھا اور وہ نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے ، ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی اب تک نیب کے 75 میں سے 22 سوالات کے جواب دے سکے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم سے ریکارڈ نہ ملنے کی وجہ سے باقی سوالوں کے جواب نہیں دئیے جاسکے ۔نیب آفس راولپنڈی میں شاہد خاقان عباسی سے پوچھ گچھ مکمل کر لی گئی۔اس موقع پر سابق وزیراعظم سے ایک صحافی نے پوچھا کہ کیا آپ نے سارے سوالوں کے جواب دے دئیے؟شاہد خاقان عباسی نے جواب دیا کہ سوالوں کے جواب تو ایک ہی ذات دیتی ہے۔صحافی نے پوچھا کہ نیب نے آپ کو دوبارہ تو نہیں بلایا؟جس پر شاہد خاقان عباسی نے جواب دیا کہ یہ جب بلائیں گے،میں آجائوں گا۔نیب دفتر سے روانگی کے وقت صحافی نے سوال کیا جلدی واپسی ہوگئی،خوش ہیں؟شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ آپ کومایوسی تو نہیں ہوئی؟،ہم تو ہمیشہ خوش رہتے ہیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ 22 سوالوں کے جوابات آپ دے چکے ہیں کتنے سوالوں کے جواب ہمرا لائے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی ے کہاکہ جتنے سوال پوچھیں گے اتنے جواب دوں گا، صحافی نے سوال کیاکہ آپکو گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے؟ شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ جی اگر بیٹھا لیا تو بیٹھ جائوں گا۔ ایک سوال پر سابق وزیر اعظم نے کہاکہ نہیں میرا نجی ائیر لائن سے کوئی تعلق نہیں، مجھ سے ریکارڈ طلب نہیں کیا گیا۔