اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے پنجاب میں ن لیگ کے بڑے فارورڈ بلاک کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا دعویٰ کر دیا۔ نجی ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے شوکت بسرا کا کہنا تھا کہ میں نے چار دن قبل ایک پریس کانفرنس کی تھی ، مسلم لیگ ن پنجاب میں حکومت بنانے کے خواب دیکھ رہی ہے ، نواز شریف کا اپریل کے آخر میں ضمانت کا وقت ختم ہو جائے گا جس کے بعد وہ دوبارہ جیل میں ہوں گے، اس مرتبہ
جب میاں صاحب جیل جائیں گے تو میں یہ پیشگوئی کر رہا ہوں کہ جون سے قبل پنجاب میں فارورڈ بلاک نظر آئے گا ، ن لیگ کے 20سے 25 لوگ مل کر فارورڈ بلاک بنائیں گے ، پی پی 244 سے انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے والے ارشد بھی اس فارورڈ بلاک کا حصہ ہوں گے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی تبدیلی کا فی الوقت کوئی امکان نہیں ۔ البتہ وزرا کے کچھ محکمے تبدیل کیے جائیں گے۔ ایسا بجٹ آنے سے پہلے ممکن ہے ۔